ہاسن،30؍اگست(ایس او نیوز) ہاسن میں بلدی اداروں کے لئے انتخابی مہم کے دوران ووٹروں میں شراب کی تقسیم کو روکنے کے لئے پولیس کی طرف سے کی گئی کارروائی میں رکاوٹ بنتے ہوئے یہاں کے بی جے پی رکن اسمبلی پریتم گوڈا نے پولیس والوں پر حملہ کردیا۔اس سلسلے میں ہاسن پولیس تھانہ میں رکن اسمبلی کے خلاف ایک معاملہ درج کیا گیا ہے۔
بتایاجاتاہے کہ کل رات ووٹروں میں بی جے پی کارکنوں کی طرف سے شراب کی تقسیم کو روکنے کی کوشش کی تو پریتم گوڈا سخت ناراض ہوئے اور پولیس تھانہ پہنچ کر پولیس افسروں اور عملے کو نہ صرف برا بھلا کہا بلکہ اس سلسلے میں گرفتار بی جے پی کارکنوں کو رہا کرنے کی ہدایت دینے کے ساتھ پولیس والوں پر حملے کی کوشش کی۔ بتایاجاتاہے کہ پریتم گوڈا زبردستی بی جے پی کارکنوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
ہاسن ضلع بی جے پی کے جنرل سکریٹری وینو کی طرف سے غیر قانونی طور پر ووٹروں میں شراب کی تقسیم کی جارہی تھی، اس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ بتایاجاتاہے کہ پریتم گوڈا اپنے 20 ساتھیوں کے ہمراہ ملزمین کو چھڑانے کے لئے پولیس تھانہ میں گھس گئے۔ اور پولیس افسروں اور کانسٹبلوں کے ساتھ بدتمیزی کی ۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر پر حملہ بھی کردیا۔اس سلسلے میں رکن اسمبلی کے خلاف تعزیرات ہندکی دفعات 143،353 اور 225 کے تحت ملزمین کو زبردستی چھڑانے کی کوشش ، سرکاری افسروں کے کام کاج میں رکاوٹ اور ان پر حملوں کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔